اسلام آباد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے کورونا دور میں استعمال ہونے والا طریقہ کار دوبارہ نافذ کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور قیمتوں میں ممکنہ عدم استحکام سے بچنے کے لیے حکومت مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین اب ماہانہ یا پندرہ روزہ بنیادوں کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ذخیرہ اندوزی کو روکنا اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہونے سے بچانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ قیمتوں میں ممکنہ بڑے اضافے کی خبروں کے بعد ڈیلرز تیل ذخیرہ کر سکتے ہیں جس سے مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
مشاورت کے دوران کورونا وبا کے دوران اپنائے گئے فارمولے کو دوبارہ نافذ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر فوری طور پر مقامی قیمتوں میں منتقل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 20 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 45 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کیلئے کورونا دور کا فارمولا واپس لانے کی تجویز
