پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ 30 مارچ 2026 سے لاہور سے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں، جو مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بحالی ایک طویل وقفے کے بعد ممکن ہوئی ہے، جب 2020 میں پائلٹس کے جعلی ڈگری اسکینڈل کے باعث یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے پی آئی اے پر یورپ کے لیے پروازوں کی پابندی عائد کر دی تھی، جس کے نتیجے میں برطانیہ سمیت کئی ممالک کے لیے پروازیں معطل ہو گئی تھیں۔
بعد ازاں دسمبر 2024 میں ای اے ایس اے نے پاکستانی ایئر لائنز پر سے پابندی اٹھانے کا اعلان کیا، جبکہ جولائی 2025 میں برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے بھی پی آئی اے کو دوبارہ آپریشن کی اجازت دے دی۔
پابندی کے خاتمے کے بعد پی آئی اے نے اکتوبر 2025 میں مانچسٹر کے لیے پروازیں بحال کی تھیں، اور اب لاہور سے لندن ہیتھرو کی براہ راست پروازوں کا آغاز اس سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ قومی ایئر لائن کی آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پی آئی اے کی لندن کیلئے براہ راست پروازیں بحال، 30 مارچ سے آغاز
