بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق آگ ایک 10 منزلہ اپارٹمنٹ بلڈنگ میں لگی، جہاں 80 فلیٹس میں 200 سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 53 منٹ پر بھڑکی، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ہونے والی ایک تکنیکی خرابی کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے متعدد افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔ شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث کئی رہائشی خود نیچے اترنے سے قاصر تھے، جس پر امدادی اہلکاروں نے رسیوں کی مدد سے لوگوں کو عمارت کی بالائی منزلوں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد چند ہی لمحوں میں دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا، جس کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہو گیا تھا۔ کئی خاندان خوف و ہراس میں اپنی جانیں بچانے کے لیے کھڑکیوں اور بالکونیوں میں آ گئے، جہاں سے انہیں ریسکیو ٹیموں نے محفوظ مقام تک پہنچایا۔
پولیس کے مطابق آتشزدگی سے عمارت کی بالائی منزلیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ تکنیکی خرابی کی نوعیت اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ حکام نے متاثرہ خاندانوں کے لیے عارضی رہائش اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کر دی ہیں۔
بیلجیئم میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر مقامی حکام نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیلجیئم میں رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی
