لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین کم سن بچوں کے لرزہ خیز قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس تحقیقات کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کی قاتل ان کی سگی ماں ہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جس کے بعد کیس میں نئی سمت سامنے آ گئی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران بچوں کی والدہ کا رویہ مشکوک پایا گیا، جس پر مزید تفتیش کی گئی۔ شواہد اور بیانات کی بنیاد پر پولیس نے خاتون کے خلاف مضبوط کیس تیار کیا، جس کے بعد اس نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ خاتون نے منصوبہ بندی کے تحت یہ افسوسناک واردات انجام دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمہ نے خود کو بے قصور ظاہر کرنے کے لیے ایک کہانی بنانے کی کوشش کی۔ اطلاعات کے مطابق خاتون گھر سے میڈیکل کے بہانے نکلی اور بعد میں اپنے شوہر کو فون کر کے واپس بلایا، جبکہ واپسی پر حالات کو مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمہ نے قتل کا الزام اپنی ساس پر ڈالنے کی کوشش کی، تاہم شواہد نے اس دعوے کو غلط ثابت کر دیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات ہونے والا گھریلو جھگڑا اس واقعے کی ممکنہ وجہ ہو سکتا ہے، تاہم اس پہلو پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ آج صبح اسی گھر سے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں بے دردی سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا، جس پر پورے علاقے میں شدید صدمہ اور خوف کی فضا پھیل گئی تھی۔
اچھرہ میں دل دہلا دینے والا انکشاف، تین بچوں کی قاتل ماں نکلی
