خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتحال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس رابطے کے دوران جنگ بندی، سکیورٹی خدشات اور جاری سفارتی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل رابطہ اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ممکن ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری پیش رفت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے ہمیشہ تعمیری سفارتکاری کے ذریعے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو خطے میں امن کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھے جائیں گے اور سفارتی ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے مسائل کے حل کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔
پاک ایران اعلیٰ سطحی رابطے، خطے میں امن کیلئے مشاورت تیز
