قصور
اندرون کوٹ قتل گڑھی کے مکین پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا شکار ہو گئے۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دیرینہ مسئلے کا فوری اور مستقل حل کیا جائے
اہلیان علاقہ کے مطابق اندرون کوٹ قتل گڑھی کو ٹربائن دربار بابا شیر شاہ سے پانی کی فراہمی ہوتی ہے تاہم علاقے کا ایک بڑا حصہ شبہ نما ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے پینے کے پانی سے محروم چلا آ رہا ہے
متاثرہ حصہ متعدد گھروں پر مشتمل ہے جہاں گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے جبکہ سردیوں میں بھی صرف محدود وقت کے لیے پانی میسر آتا ہے
مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں کو دور دراز علاقوں سے پینے کا پانی لانا پڑتا ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے
شہریوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی متعدد بار متعلقہ محکمہ کو درخواستیں دی جا چکی ہیں اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا گیا مگر تاحال کسی قسم کی شنوائی نہیں ہو سکی۔
اہلیان علاقہ مصطفی راجہ،سید منشاءمحسن انصاری، عمران احمد، ذوالفقار احمد، علی احمد و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، متاثرہ گلیوں میں تیس سال پرانے بوسیدہ پائپ فوری طور پر تبدیل کیے جائیں اور متعلقہ محکمہ کو اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے
پینے کے صاف پانی کی شدید قلت،فوری نوٹس کی اپیل
