اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق امریکی منصوبے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور بروقت قدم قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جراتمندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا اور ایک حساس وقت میں دانشمندانہ فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان سمیت برادر ممالک، بالخصوص سعودی عرب اور ولی عہد محمد بن سلمان کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کرنا ایک خوش آئند پیشرفت ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم کے مطابق موجودہ پیشرفت ایک دیرپا معاہدے کی راہ ہموار کر سکتی ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
