Baaghi TV

ہم بنیان مرصوص ہیں،تحریر :نور فاطمہ

معرکہ حق، بنیان مرصوص، قوم کا اتحاد، مسلح افواج کا جذبہ جہاد،عسکری و سول قیادت،حکومت و اپوزیشن ایک پیج پر …یہ وہ موقع جب بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کا ڈرامہ رچایا اور پھر خطے کا ٹھیکیدار بننے کی ناکام کوشش میں دنیا بھر میں رسوا ہو گیا….معرکہ حق …اک ایسی جنگ جس میں جذبے جیتے، اتحاد جیتا،پاکستان جیتا، قوم جیتی، افواج جیتی، ہارا تو ہندوبنیا ہارا، شکست ہوئی تو مودی سرکار کو، رسوائی ہوئی تو گائے کے پجاری کو…معرکہ حق یہ سچ اور جھوٹ کے درمیان لکھی گئی وہ داستان تھی جس نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں، ایک نظریہ ہے، ایک جذبہ ہے، ایک ایسی حقیقت ہے جسے دبایا نہیں جا سکتا۔

معرکۂ حق کی فتح کو آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے، مگر اس معرکے کی گونج آج بھی دشمن کے ایوانوں میں سنائی دیتی ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پوری قوم ایک پرچم تلے جمع ہوئی، جب سیاسی اختلافات مٹ گئے، جب ہر زبان پر صرف پاکستان تھا اور ہر دل میں صرف سبز ہلالی پرچم کی حرمت،بھارت نے ہمیشہ کی طرح جھوٹ، پروپیگنڈے اور فالس فلیگ آپریشنز کے سہارے پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کی، مگر اس بار مقابلہ بھارت کے لئے جس طرح وہ سمجھ رہے تھے آسان ہر گز نہ تھا، یہ معرکہ بیانئے کا،سچائی کا شعور کا ،حب الوطنی کا تھا اورایٹمی پاکستان اس معرکے میں‌ اللہ کے فضل و کرم، خدا کی غیبی مدد سے فاتح ٹھہرا،

جب بھارتی میڈیا چیخ رہا تھا، پاکستان دلیل سے بول رہا تھا،جب وہاں نفرت کا بازار گرم تھا، یہاں سچائی کا چراغ روشن تھا،جب بھارت نے پاکستانی آوازوں کو دبانے کیلئے یوٹیوب چینلز پر پابندیاں لگائیں، تب پاکستان نے ذہانت، حکمت اور ڈیجیٹل قوت سے دشمن کے اپنے گھر تک سچ پہنچایا،پاکستانی نوجوانوں، خصوصاً جنریشن زی نے اس معرکے میں جو کردار ادا کیا، وہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔ میمز، ویڈیوز، ملی نغموں اور تخلیقی انداز کے ذریعے نوجوانوں نے دنیا کو بتایا کہ پاکستانی قوم سچ کو خوبصورتی سے پیش کرنا بھی جانتی ہے۔

معرکہ حق کے دوران جے ایف 17 تھنڈر کی گونج، سبز پرچم کی شان، اور قومی ترانوں کی آواز جب بھارتی شہروں تک پہنچی تو وہاں کے عوام خود مودی سرکار سے سوال کرنے لگے،دہلی میں اڑتے پاکستانی ڈرون ،بھارتی سرزمین پر ٹکراتے پاکستانی میزائل ،بھارتی فضاؤں میں پاکستان کا راج، میڈیا و سوشل میڈیا پر سچے بیانیے کی جنگ، قوم کا اتحاد، مسلح افواج کا بھر پور وار، منہ توڑ جواب، یہ درحقیقت نظریے کی فتح تھی،قوم کی فتح تھی، افواج کی فتح تھی، پاکستان کی فتح تھی.

پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت نے حسب روایت پاکستان پر الزامات کی بارش کر دی، مگر پاکستان نے جواب میں دنیا کو حقائق دکھائے۔ بین الاقوامی صحافیوں کو ان علاقوں کا دورہ کروایا گیا جہاں بھارت دہشت گرد کیمپوں کا دعویٰ کرتا تھا۔ دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہاں زندگی معمول کے مطابق رواں تھی۔ بچوں کی ہنسی، لوگوں کی مصروفیات اور پُرامن فضا بھارتی جھوٹ کے منہ پر طمانچہ تھی۔بھارتی مذموم حملوں،آپریشن سندور کے بعد معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص…تاریخی بن گیا کیونکہ اس میں افواجِ پاکستان کے ہمراہ پوری قوم شریک تھی، بھارتی ڈرون آئے تو قوم کا بچہ بچہ ڈرون گرانے نکل پڑا،لاہور کی فضاؤں، گلیوں کوچوں میں پاک فوج زندہ باد کے نعروں نے افواج پاکستان کے جذبے کو بڑھایا،اتحاد کی فضا بنی ،وزارتِ اطلاعات، آئی ایس پی آر، میڈیا، نوجوان، صحافی، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس، حتیٰ کہ عام شہری بھی اس جنگ کے سپاہی تھے۔ ہر طرف ایک ہی آواز تھی “پاکستان زندہ باد!”پاکستان ہمیشہ زندہ باد

دنیا نے پہلی بار اتنے واضح انداز میں دیکھا کہ پاکستان ایک سنجیدہ، ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے،جب وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ کے بعد غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تو دنیا نے پاکستان کا اعتماد دیکھا، اور جب بھارت کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا تو اس کا جھوٹ خود اس کے گلے کا پھندا بن گیا،بھارت آج بھی دو قومی نظریے کو تسلیم نہیں کر پایا، مگر حقیقت یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان مزید مضبوط، مزید متحد اور مزید ناقابلِ تسخیر ہو رہا ہے،دوسری طرف ہندوتوا کی آگ میں جلتا بھارت اپنے ہی تعصبات، انتہا پسندی اور نفرت کے بوجھ تلے دب رہا ہے۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف وہ قربانیاں دی ہیں جن کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں کا لہو، شہداء کی ماؤں کے آنسو، جوانوں کی قربانیاں،ضرب عضب،ردالفساد، یہ سب اس بات کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے صرف اپنی نہیں، پوری دنیا کی جنگ لڑی ہے،پاکستان امن کا خواہاں‌لیکن دہشتگردی کے خلاف طویل ترین جنگ جیتی ہے،افواج پاکستان کے جانبازوں اور عوام پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں،رب نے پاکستان کو سرخرو کیا، دنیا نے وہ منظر دیکھا کہ بھارتی رافیل بھی پاکستان نے گرائے اور مودی جنگ بندی کی بھیک مانگنے کے لئے ٹرمپ کے پاؤں بھی پڑ گیا، کل تک دھمکیاں دینے والا مودی، آپریشن سندور شروع کر کے اپنی خواتین کے سندور مٹوا چکا تھا،پاکستان کو معرکہ حق میں وہ شان و عزت ملی کہ آج جب دنیا پاکستان کی طرف دیکھتی ہے تو اسے ایک باوقار، مضبوط اور باشعور قوم نظر آتی ہے،معرکۂ حق ہمیں یہ سبق دے گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتی جاتیں،قوموں کا اتحاد، سچائی کی طاقت، اور نظریے پر یقین ہی اصل فتح دلاتا ہے۔

آج معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر ہر پاکستانی سر اٹھا کر یہ کہہ سکتا ہے ہم نے صرف دشمن کو جواب نہیں دیا بلکہ ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کبھی جھکتا نہیں،یہ وطن شہیدوں کی امانت ہے، اور اس کی حفاظت کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا، کیونکہ یہ لاکھوں قربانیوں، دعاؤں اور خوابوں کی تعبیر ہے،اور جب تک اس دھرتی پر سبز ہلالی پرچم لہراتا رہے گا،حق کا یہ معرکہ ہمیشہ پاکستان کے نام رہے گا

More posts