Baaghi TV

معرکہ حق کی فتح کا ایک سال،کل جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب ہو گی

معرکۂ حق کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر کل جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوگی، جس میں پاک افواج کی کامیابیوں اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تقریب صبح 8 بج کر 40 منٹ پر شروع ہوگی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے جبکہ یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تقریب سے خصوصی خطاب بھی کریں گے، جس میں ملکی دفاع، قومی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے تھے، جن میں معصوم شہری شہید ہوئے تھے۔ بعد ازاں پاک افواج نے مربوط حکمت عملی، جدید الیکٹرانک وارفیئر اور مؤثر دفاعی اقدامات کے ذریعے دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا۔دفاعی مبصرین کے مطابق پاک افواج کی بروقت کارروائی نے نہ صرف دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ خطے میں طاقت کے توازن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا واضح پیغام بھی دیا۔

More posts