Baaghi TV

ٹرمپ نے اسپین سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا حکم دے دیا

qatar

ایران کے معاملے پر پیدا ہونے والے اختلافات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ کو فوری اقدامات کی ہدایت دے دی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسپین نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں میں تعاون سے انکار کیا اور اپنی فضائی حدود اور فوجی تنصیبات کے استعمال کی اجازت بھی نہیں دی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اجلاس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے وزیر خزانہ کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ اسپین کے ساتھ ہر قسم کی تجارت بند کر دی جائے۔ انہوں نے اسپین کو نیٹو کا "غیر مؤثر شراکت دار” قرار دیتے ہوئے اس کے مؤقف پر سخت تنقید بھی کی۔
رپورٹس کے مطابق واشنگٹن کی ناراضی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اسپین نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے دوران اپنی فضائی حدود اور اپنے فوجی اڈوں کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کیا۔ اسی معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری جانب اسپین نے امریکی اعلان کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے اسے معمول کی سیاسی بیان بازی قرار دیا ہے۔ ہسپانوی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مضبوط ہیں اور وہ دوطرفہ روابط برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ میڈرڈ کا واشنگٹن کے ساتھ تعلقات ختم کرنے یا کمزور کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپین یورپی یونین کا رکن ہے اور یورپی یونین کی مشترکہ تجارتی پالیسی کے باعث صرف ایک رکن ملک کے ساتھ تجارت مکمل طور پر ختم کرنا قانونی اور عملی طور پر پیچیدہ معاملہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے اعلان پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی کئی قانونی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

More posts