Baaghi TV


چین کا اینتھروپک کے ’کلاڈ کوڈ‘ سے متعلق سکیورٹی انتباہ، صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت

‎چین کے نیشنل وَلنرایبلٹی ڈیٹا بیس (این وی ڈی بی) نے امریکی مصنوعی ذہانت کمپنی اینتھروپک کے اے آئی کوڈنگ ٹول کلاڈ کوڈ کے حوالے سے سکیورٹی انتباہ جاری کرتے ہوئے صارفین اور اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ چینی ریگولیٹر کا دعویٰ ہے کہ اس ٹول میں مبینہ طور پر ایسا سکیورٹی بیک ڈور موجود ہو سکتا ہے جو صارفین کی حساس معلومات کو ان کی اجازت کے بغیر بیرونی سرورز تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
‎این وی ڈی بی، جو چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ادارہ ہے، کے مطابق ابتدائی تجزیے میں ایسے ممکنہ سکیورٹی خدشات سامنے آئے ہیں جن کے باعث صارفین کی لوکیشن، شناخت اور دیگر حساس معلومات متاثر ہو سکتی ہیں۔ ادارے نے اس معاملے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
‎کلاڈ کوڈ ایک جدید اے آئی کوڈنگ ایجنٹ ہے جو صارف کی ہدایات کے مطابق کمپیوٹر پروگرامنگ، کوڈ لکھنے، سافٹ ویئر میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور ان کی اصلاح، جبکہ کوڈ ریویو جیسے کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ٹول دنیا بھر میں سافٹ ویئر ڈویلپرز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق اینتھروپک نے چین اور بعض دیگر ممالک میں اپنی مصنوعات تک براہ راست رسائی محدود کر رکھی ہے، تاہم وی پی این اور تھرڈ پارٹی پراکسی سروسز کے ذریعے کئی صارفین اب بھی ان ٹولز تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔ اسی تناظر میں چینی ریگولیٹر نے صارفین کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
‎این وی ڈی بی نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ادارے اور انفرادی صارفین فوری طور پر اپنے سسٹمز کا جائزہ لیں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو سافٹ ویئر کو اَن انسٹال کر دیں یا اس کا تازہ ترین اور محفوظ ورژن استعمال کریں، جس میں ممکنہ سکیورٹی خامیوں کو دور کیا گیا ہو۔
‎دوسری جانب چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا نے بھی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے ملازمین کو 10 جولائی سے کلاڈ کوڈ کے استعمال سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا جا رہا ہے۔

More posts