سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ایک نوجوان کا پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کے نام جذباتی ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں اس نے آپریشن “بنیان المرصوص” کی پہلی سالگرہ پر پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔
ویڈیو پیغام میں کشمیری نوجوان کا کہنا تھا کہ آج وہ تاریخی دن ہے جب افواجِ پاکستان نے بھارت کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملا دیا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے 8 جنگی طیارے مار گرائے جبکہ بھارتی ہیڈکوارٹرز اور ایئر بیسز کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔کشمیری نوجوان نے کہا کہ بھارت اپنی شکست چھپانے کے لیے جتنا چاہے پروپیگنڈہ کرلے، لیکن حقیقت اب پوری دنیا کے سامنے آچکی ہے۔ اس کے مطابق آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی پر پاکستان میں جشن کا سماں ہے جبکہ بھارت میں سوگ اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ویڈیو میں نوجوان نے مزید کہا کہ پورا جموں و کشمیر پاک فوج کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے اور کشمیری عوام کو یقین ہے کہ پاکستان انہیں بھارتی مظالم سے آزادی دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
