علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر کسٹمز حکام نے مبینہ طور پر پروٹوکول کے نام پر شراب کی بوتلیں باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعے میں ملوث پی آئی اے کے ایک افسر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو روز قبل ایک بین الاقوامی پرواز کے ذریعے آنے والے مسافر کے سامان سے تقریباً 65 اعلیٰ معیار کی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کے پیسنجر سروس افسر صفدر گوندل اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مسافر کو پروٹوکول کے ذریعے کلیئر کروانے کے لیے پہنچے تھے۔
تاہم کسٹمز حکام نے مشکوک صورتحال پر کارروائی کرتے ہوئے بوتلیں ضبط کر لیں اور سامان کلیئر کرنے کی اجازت نہیں دی۔ کارروائی کے دوران متعلقہ مسافر موقع سے فرار ہو گیا جبکہ صفدر گوندل اور ان کے ساتھی بھی ائیرپورٹ چھوڑ کر چلے گئے۔
بعد ازاں کسٹمز حکام نے واقعے سے متعلق پی آئی اے اسٹیشن منیجر کو آگاہ کیا، جس کے بعد جب متعلقہ افسران ڈیوٹی پر واپس آئے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی۔ اسٹیشن منیجر نے دونوں افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جبکہ ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے بھی اپنی الگ تحقیقات شروع کر دیں۔
تحقیقات کے دوران متعلقہ افسران کے ائیرپورٹ انٹری پاسز منسوخ کر دیے گئے اور انہیں ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔ حکام کے مطابق معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے تصدیق کی کہ متعلقہ افسر کو معطل کر دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مزید افراد بھی اس معاملے میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
لاہور ائیرپورٹ پر شراب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، پی آئی اے افسر معطل
