Baaghi TV

پنشنرز کیلئے نیا ڈیجیٹل ویریفکیشن سسٹم متعارف، رقم لینے سے پہلے تصدیق لازمی

PKR

‎وفاقی حکومت نے ملک بھر کے پنشنرز کے لیے پنشن کی ادائیگی کے نظام میں بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب پنشن حاصل کرنے سے پہلے پنشنرز کی بایومیٹرک اور فیشل ریکگنیشن کے ذریعے تصدیق کی جائے گی تاکہ صرف اہل افراد کو ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
‎وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ جدید “ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ سسٹم” نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی یعنی نادرا نے تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 17 لاکھ پنشنرز کی زندگی کی تصدیق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ پنشنرز کو اپنی زندگی کی تصدیق کے لیے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ایک موبائل ایپ بیسڈ “پروف آف لائف” سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ بزرگ شہری آسانی سے گھر بیٹھے اپنی تصدیق کر سکیں۔
‎حکام کے مطابق بینکوں کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات پر نادرا کے سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ پنشن کی ادائیگی سے پہلے نادرا کے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے اہل ہونے کی جانچ کی جائے گی۔
‎نئے نظام کے تحت شہری اپنی تصدیق کے لیے Pak ID ایپ استعمال کریں گے جبکہ بینک e-Sahulat ایپ کے ذریعے پنشنرز کی معلومات اور بایومیٹرک ویریفکیشن حاصل کریں گے۔
‎ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ وزیراعظم آفس کی ہدایات پر تیار کیا گیا ہے اور اس کے کئی مراحل مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔ بینکنگ سسٹم کے ساتھ مکمل انضمام کے بعد صرف مستحق اور زندہ پنشنرز کو ہی رقم جاری کی جائے گی۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ جعلی یا غیر قانونی پنشن ادائیگیوں کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ دستی تصدیق کے عمل میں کمی آئے گی اور بزرگ شہریوں کو بار بار دفاتر اور بینکوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

More posts