Baaghi TV

پنجاب میں سمر کیمپس کا شیڈول جاری، طلبا کیلئے صبح کے اوقات مقرر

‎پنجاب کے محکمہ تعلیم نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبا کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے اور نصاب بروقت مکمل کرنے کے لیے صوبے بھر میں سمر کیمپس کے انعقاد کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر طلبا کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کلاسز صرف صبح کے اوقات میں منعقد کی جائیں گی۔
‎محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سمر کیمپس روزانہ صبح 7:30 بجے سے 9:30 بجے تک جاری رہیں گے۔ ان کیمپسز کا مقصد طلبا کی تعلیمی سرگرمیوں کو برقرار رکھنا اور تعلیمی کیلنڈر کے مطابق نصاب مکمل کروانا ہے۔
‎صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ سمر کیمپس گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہوں گے اور محدود اوقات میں ایک ماہ تک جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت طلبا کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی صحت اور حفاظت کو بھی اولین ترجیح دے رہی ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی کی صورتحال کے باعث اوقات کار کو مختصر رکھا گیا ہے تاکہ بچوں کو ہیٹ ویو کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
‎محکمہ تعلیم کے مطابق تمام اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سمر کیمپس کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، جبکہ کلاس رومز میں مناسب وینٹیلیشن اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی بھی لازم ہوگی۔
‎دوسری جانب نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیموں نے حکومت سے گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نجی اسکولز کے نمائندوں کا مؤقف ہے کہ طویل تعطیلات سے طلبا کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے تعطیلات کو محدود کیا جانا چاہیے۔
‎واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے شدید گرمی کی لہر کے باعث صوبے بھر کے اسکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جبکہ تعلیمی ادارے 24 اگست سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔

More posts