آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیوں کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں منعقد ہوا، جس میں حکومت کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین نے کہا کہ اسکولوں کو وقت سے پہلے بند کرنا بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ملک میں لاکھوں بچے تعلیمی نظام سے باہر ہیں، ایسے میں بار بار اور طویل تعطیلات صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر ابرار حسین کے مطابق تعلیمی نقصان کے باعث طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہوگی جبکہ والدین بھی شدید مشکلات کا شکار ہوں گے۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ رہائشی علاقوں میں قائم اسکولوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رہ سکے۔
ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی ادارے طلبہ کی پڑھائی کا نقصان برداشت نہیں کریں گے اور اس فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق شدید گرمی کے باعث حکومت کی جانب سے چھٹیوں کے فیصلے کو صحت کے نقطہ نظر سے ضروری قرار دیا جا رہا ہے، تاہم نجی اسکولز انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ متبادل انتظامات کے ذریعے تدریسی عمل جاری رکھا جا سکتا ہے۔
قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیاں، نجی اسکولز ایسوسی ایشن عدالت پہنچ گئی
