Baaghi TV

بھارت میں 86 لاکھ مالیت کی ‘وہیل کی قے’ برآمد، 2 افراد گرفتار

‎بھارتی ریاست گجرات کے علاقے گودھرا میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے مبینہ طور پر “وہیل کی قے” یعنی عنبر برآمد ہوا ہے۔
‎پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے عنبر کا وزن تقریباً 860 گرام ہے جبکہ اس کی مالیت 86 لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
‎میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کو احمد آباد گودھرا ہائی وے کے قریب گرفتار کیا گیا، جہاں ان کی گاڑی سے ٹھوس شکل میں موجود یہ نایاب مادہ برآمد ہوا۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں عنبر کی قیمت انتہائی زیادہ ہوتی ہے اور بعض اوقات اس کی قیمت سو کروڑ روپے فی کلوگرام تک پہنچ جاتی ہے۔
‎برآمد شدہ مادے کو مزید تصدیق کیلئے فارنزک معائنے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
‎عنبر، جسے انگریزی میں “Ambergris” کہا جاتا ہے، سپرم وہیل کے نظامِ ہاضمہ سے پیدا ہونے والا ایک نایاب مادہ ہے۔
‎ماہرین کے مطابق سپرم وہیل جب آکٹوپس یا دیگر سمندری جاندار کھاتی ہے تو ان کے نوکیلے حصوں سے معدے کو بچانے کیلئے جسم ایک خاص رطوبت پیدا کرتا ہے، جو بعد میں سخت مادے کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
‎یہ مادہ دنیا بھر میں مہنگے پرفیومز اور روایتی ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، خاص طور پر عرب ممالک میں اعلیٰ معیار کی خوشبوؤں جبکہ چین میں بعض روایتی ادویات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

More posts