ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو جنگ صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ خطے سے باہر تک پھیل سکتی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کسی بھی نئی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشمن کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
دوسری جانب چین میں تعینات ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے تعلقات ایک پیچیدہ معاملہ ہیں، تاہم موجودہ سفارتی رابطوں میں چین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کوششوں میں چین نے مثبت اور تعمیری انداز میں حصہ لیا کیونکہ بیجنگ صرف اسی وقت ثالثی عمل میں شامل ہونا پسند کرتا ہے جب کسی مثبت پیش رفت کی امید موجود ہو۔
ایرانی سفیر کے مطابق جاری سفارتی عمل ایران، پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ تصادم سے بچنے کیلئے سفارتی رابطے انتہائی اہم ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے حالیہ بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ عالمی طاقتیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوبارہ حملہ ہوا تو جنگ خطے سے باہر تک پھیل جائے گی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب
