پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق ملکوال، پھالیہ، دیپالپور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ حجرہ شاہ مقیم اور پھول نگر میں بھی زمین لرزنے سے شہری خوفزدہ ہو گئے۔
ادھر منڈی بہاؤالدین، حویلی لکھا اور قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلی جگہوں کی جانب نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع سامنے نہیں آئی تاہم شہریوں میں شدید خوف و بے چینی دیکھی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
اس سے قبل آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی گہرائی 170 کلومیٹر بتائی گئی تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا جس کے اثرات پاکستان کے مختلف شہروں تک محسوس کیے گئے تھے۔
گزشتہ زلزلے کے دوران اسلام آباد، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور ساہیوال سمیت مختلف علاقوں میں شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان جغرافیائی لحاظ سے زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، اس لیے مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہتے ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
