Baaghi TV

خواتین کی ترقی درحقیقت پوری مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے،اعظم نذیر تارڑ

azam nazir tarar

وفاقی وزیر قانون اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے ۔

او آئی سی خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزارتی کانفرنس کے شرکا کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، او آئی سی کی چیئرمین شپ اتفاق رائے اور تعاون کے جذبے سے نبھائیں گے خواتین کی ترقی درحقیقت پوری مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے –

موجودہ چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی لاکھوں خواتین اور بچیاں ترقی کی راہ میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہر خاتون اور بچی کو تعلیم، ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کا معاشی اور سیاسی بااختیار ہونا پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے ، مسلم خواتین نے علم، قیادت، کاروبار اورعوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا،اسلام نے 1400 سال قبل خواتین کو عزت، حقوق اور قانونی شناخت عطا کی، ہر خاتون اور بچی کو تعلیم، ترقی اور قیادت کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی صنفی پالیسی 2025 اور وزیراعظم ویمن ایمپاورمنٹ پیکج پر عمل جاری ہے ، او آئی سی ایکشن پلان اور ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اہم پلیٹ فارم ہیں، پاکستان او آئی سی کی چیئرمین شپ کو اعزاز نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھتا ہے کانفرنس کی کامیابی کا معیار خواتین کیلئے پیدا ہونیوالے عملی مواقع ہوں گے، پاکستان میں خواتین کیلئے محفوظ اور مساوی مواقع حکومتی ترجیح ہے۔

دو روزہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک سے تقریباً 190 مندوبین شرکت کر رہے ہیں، جن میں ممتاز خواتین، حکومتی نمائندے، او آئی سی کے مبصرین اور تنظیم کے عہدے دار شامل ہیں۔

More posts