سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے کویت پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت کویت پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب ہر اس جارحیت کو مسترد کرتا ہے جو ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرے یا علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈالے۔
متحدہ عرب امارات نے بھی کویت پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں استحکام اور امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو کشیدگی بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ خطہ مزید بحران کا شکار نہ ہو۔
قطر نے کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سلامتی اور استحکام کیلئے حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے۔
حالیہ دنوں آبنائے ہرمز، امریکی فوجی اڈوں اور خلیجی ممالک کی سکیورٹی سے متعلق متعدد واقعات نے عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق خلیجی ممالک اس وقت خطے میں ممکنہ بڑے تصادم سے بچنے کیلئے سفارتی کوششوں پر زور دے رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ کشیدگی میں کمی نہ آئی تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
خلیجی ممالک نے کویت پر حملوں کی شدید مذمت کردی
