Baaghi TV


سوئٹزرلینڈ کے ٹرین اسٹیشن پر چاقو حملہ، 3 افراد زخمی

‎سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ کے قریب ایک ٹرین اسٹیشن پر چاقو حملے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے حملے میں ملوث ایک 31 سالہ سوئس شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
‎پولیس کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے پیش آیا، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔
‎حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں کی عمریں 28، 43 اور 52 سال ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
‎سوئس پولیس نے کہا ہے کہ حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
‎مقامی اخبار “بلک” کے مطابق عینی شاہدین نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور واقعے کے دوران “اللہ اکبر” کے نعرے لگا رہا تھا۔
‎اخبار کے مطابق ایک ویڈیو میں ایک شخص کو اسٹیشن کے ہال سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ اردگرد موجود لوگ خوف کے باعث چیختے اور بھاگتے دکھائی دیے۔
‎عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے ہاتھ میں چاقو موجود تھا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
‎واقعے کے بعد پولیس نے ٹرین اسٹیشن اور اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے پس منظر، ذہنی حالت اور ممکنہ محرکات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
‎یورپ میں حالیہ برسوں کے دوران عوامی مقامات پر چاقو حملوں کے واقعات میں اضافہ سیکیورٹی اداروں کیلئے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔

More posts