Baaghi TV


نیتن یاہو نے غزہ کے 70 فیصد علاقے پر قبضے کا حکم دے دیا

israel

‎اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے اسرائیلی فوج کو علاقے کے 70 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم ایک اسرائیلی بستی میں نیوز کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا۔
‎اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج پہلے ہی غزہ کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کر چکی ہے اور اب مزید علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
‎انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فورسز نے پہلے غزہ کے تقریباً 50 فیصد اور بعد ازاں 60 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کیا، جبکہ اب فوج کو 70 فیصد علاقے تک پیش قدمی کا حکم دیا گیا ہے۔
‎اس اعلان کے بعد غزہ میں جاری انسانی بحران کے مزید سنگین ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
‎غزہ کی بڑی آبادی پہلے ہی مسلسل بمباری، فوجی کارروائیوں اور نقل مکانی کے باعث محدود علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہے۔
‎انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ خوراک، پانی، ادویات اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت برقرار ہے۔
‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غزہ کے مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کی اسرائیلی حکمت عملی خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
‎ماہرین کے مطابق مسلسل فوجی کارروائیوں اور آبادی کی نقل مکانی سے انسانی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
‎دوسری جانب فلسطینی حلقوں نے اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

More posts