Baaghi TV


ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے اور ایران معاہدے پر اہم شرائط بیان کر دیں

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وہاں موجود جہازوں اور عملے کو معمول کی سرگرمیوں کی طرف لوٹنے کی تیاری کرنی چاہیے۔
‎صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعض معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیادی شرط یہ ہوگی کہ تہران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے عزم کا واضح اظہار کرے۔
‎صدر ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز کو فوری طور پر مکمل طور پر کھولنا ضروری ہے تاکہ عالمی تجارتی اور توانائی سپلائی چین متاثر نہ ہو۔
‎انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی بحری ٹریفک بلا رکاوٹ جاری رہنی چاہیے اور کسی بھی جہاز سے کسی قسم کا ٹول یا اضافی فیس وصول نہیں کی جانی چاہیے۔
‎امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں موجود بارودی سرنگوں کے مسئلے کو بھی فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور افزودہ یورینیم کے ذخائر سے متعلق مستقبل کے اقدامات مذاکرات کا اہم حصہ ہیں۔
‎ٹرمپ کے بیان کے مطابق مختلف امور پر پیش رفت ہو چکی ہے جبکہ چند اہم معاملات پر مزید مشاورت اور حتمی منظوری درکار ہے۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ مفاہمت کامیاب ہو جاتی ہے تو اس سے نہ صرف مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے بلکہ عالمی تیل منڈیوں اور سمندری تجارت کو بھی استحکام مل سکتا ہے۔

More posts