Baaghi TV

بلوچستان کی ترقی کا اہم سنگِ میل، گوادر ایئرپورٹ پر پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے لینڈ

بلوچستان کی ترقی اور خطے میں فضائی رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی کے ساتھ لینڈ کر گئی۔

پرواز کی آمد پر گوادر ایئرپورٹ حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے طیارے اور عملے کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر حکام نے اس کامیاب آزمائشی لینڈنگ کو گوادر کی فضائی رابطہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔حکام کے مطابق آزمائشی پرواز کی کامیابی کے بعد گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے، جس سے علاقے میں سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے سے نہ صرف بلوچستان کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ منصوبہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی ترقی اور بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ گوادر ایئرپورٹ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور اسے خطے کے اہم فضائی مراکز میں شامل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

More posts