Baaghi TV

مانچسٹر ایئرپورٹ تشدد واقعہ، پاکستانی نژاد دو بھائی الزامات سے بری

لندن: مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس افسران پر حملے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کرنے والے دو پاکستانی نژاد بھائیوں، محمد فہیر عماز اور محمد عماد، کو کراؤن کورٹ کی جیوری نے بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کر دیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نیل فلیویٹ کے سی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ دونوں بھائیوں کے خلاف عائد الزامات ثابت کرنے کے لیے ٹھوس اور قابلِ اعتماد شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث عدالت نے انہیں تمام الزامات سے بری کرنے کا حکم دیا،اس سے قبل محمد فہیر عماز کو دو پولیس افسران سمیت تین افراد پر حملے کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا، تاہم جیوری اس معاملے میں متفقہ طور پر حتمی فیصلہ دینے میں ناکام رہی تھی۔

واضح رہے کہ 23 جولائی 2024 کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر پیش آنے والے تصادم کی ایک موبائل فون ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد برطانیہ کے مختلف شہروں میں پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد ایک پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا تھا جبکہ تحقیقات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

دونوں بھائی، جو راچڈیل میں مقیم ہیں، اپنی والدہ کو لینے مانچسٹر ایئرپورٹ پہنچے تھے جو پاکستان سے قطر ایئرویز کی پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچی تھیں۔

More posts