Baaghi TV


غیر حاضری پر مکمل تنخواہ کٹوتی کا فیصلہ

PKR

‎ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا نے ملازمین اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے غیر حاضری کی صورت میں مکمل تنخواہ کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں نئے قواعد و ضوابط کی تفصیلات درج ہیں۔
‎جاری کردہ مراسلے کے مطابق اب تمام ملازمین کی تنخواہیں "اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم” اور ڈیجیٹل حاضری ریکارڈ سے مشروط ہوں گی۔ بورڈ کے تمام تعلیمی اور انتظامی اداروں میں اسمارٹ اٹینڈنس سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملازمین کی روزانہ حاضری ڈیجیٹل طور پر ریکارڈ کی جائے گی۔
‎مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جون 2026 کی تنخواہیں مئی 2026 کے اسمارٹ اٹینڈنس ریکارڈ کی بنیاد پر ادا کی جائیں گی۔ کسی بھی ملازم کی تنخواہ اس وقت تک جاری نہیں کی جائے گی جب تک اس کی حاضری کا مکمل ریکارڈ نظام میں موجود نہ ہو۔
‎ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی ملازم کی غیر حاضری یا بغیر اجازت رخصت ریکارڈ میں درج ہوئی تو اس کے مطابق تنخواہ میں سو فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ یعنی ملازم جتنے دن غیر حاضر رہے گا، اتنے دنوں کی مکمل تنخواہ کاٹی جائے گی۔
‎بورڈ کی جانب سے تمام ماتحت اداروں کے سربراہان کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اسمارٹ اٹینڈنس ریکارڈ کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
‎اس کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 10 جون 2026 تک تنخواہوں کے بلز بورڈ کو ارسال کریں تاکہ ادائیگیوں کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔
‎ورکرز ویلفیئر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اداروں میں نظم و ضبط کو فروغ دینا، ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانا اور تعلیمی و دفتری امور میں شفافیت لانا ہے۔ حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے غیر حاضری اور انتظامی بے ضابطگیوں پر مؤثر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

More posts