Baaghi TV

شالیمار ٹاؤن، کالج روڈ اور شاہی روڈ کی مرمت ادھوری، بارشوں میں حادثات معمول بن گئے

لاہور، شالیمار ٹاؤن کے علاقے کالج روڈ اور شاہی روڈ پر سڑک کی مرمت کا کام تاحال مکمل نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد حادثات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ماہ سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے سڑک کو کھودا گیا تھا، تاہم متعلقہ اداروں نے کام مکمل ہونے کے باوجود سڑک کی بحالی اور مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیا، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار اس مسئلے کی نشاندہی اور شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ بارش کے باعث سڑک پر بننے والے گڑھوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کو حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقے کے کاروباری حضرات اور رہائشیوں نے بتایا کہ ادھوری مرمت کے باعث اٹھنے والا گرد و غبار بھی صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔علاقہ مکینوں اور تاجروں نے حکومتِ وقت، سوئی گیس حکام اور متعلقہ وفاقی وزارتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور کالج روڈ و شاہی روڈ کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرکے شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔

رپورٹ:نور فاطمہ

More posts