گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ ضلع دیامر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ صوبائی انتظامیہ اور الیکشن حکام نے انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور پرامن بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 24 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 396 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ انتخابات میں 7 خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں، جو مختلف حلقوں میں اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔
صوبے بھر میں ووٹنگ کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 480 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 350 کو حساس جبکہ 457 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی اور خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 780 ہے۔ ان میں 5 لاکھ 3 ہزار 772 مرد ووٹرز جبکہ 4 لاکھ 54 ہزار 708 خواتین ووٹرز شامل ہیں، جو اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
صوبائی حکومت نے سیکیورٹی پلان بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 15 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی معاونت فراہم کریں گے۔
انتخابی عمل کے انتظامی امور کے لیے ہزاروں افسران اور سرکاری ملازمین کو ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔ انتخابی فرائض انجام دینے والے تقریباً ساڑھے سات ہزار افسران اور ملازمین کے لیے 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پریزائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کے لیے بھی الگ الگ اعزازیے مختص کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع دیامر میں 60 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور غیر مجاز ڈرون پروازوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ ڈرون استعمال کرنے کے لیے ضلعی مجسٹریٹ سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
480 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، دیامر میں دفعہ 144 نافذ
