اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، اجلاس میں تحصیل بھر کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تحصیل میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، انسدادِ ڈینگی مہم اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے سلسلہ میں انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، ویکٹر سرویلنس اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن سمیت تمام امور کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی چیکنگ میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور لاپرواہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ مون سون کے آغاز سے قبل تمام حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں اور فیلڈ ٹیمیں اینٹی ڈینگی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔
اوکاڑہ،اے سی کی زیر صدارت اجلاس، انسدادِ ڈینگی مہم ،مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ
