راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نازیبا ویڈیوز انٹرنیٹ پر شیئر کرنے والے ایک گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار گینگ میں 11 ملکی و غیر ملکی افراد شامل ہیں، جن میں ایک غیر ملکی خاتون سمیت 7 خواتین بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور لائیو اسٹریمنگ میں استعمال ہونے والا موبائل فون، لیپ ٹاپ سمیت دیگر الیکٹرانک آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر غیراخلاقی ویڈیوز تیار کرکے مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرتے تھے۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گینگ کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم ادارے (این سی سی آئی اے) سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
