ترکیہ افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر ترک کمانڈر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔
آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان موجود قریبی روابط کو سراہا اور دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں باہمی تربیتی پروگراموں، عسکری تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر غور آئے۔
ترک افواج کے کمانڈر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں جنرل میٹن توکیل نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون، عسکری روابط اور ادارہ جاتی اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ترک افواج کے کمانڈر کی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
