خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور تیز بارش نے تباہی مچا دی،5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ لاہور، فیصل آباد،جھنگ، چنیوٹ، سیالکوٹ، سمیت دیگر علاقوں میں بارش سےکئی علاقوں میں بجی کی فراہمی معطل ہوگئی،تیز ہواؤں سے کئی مقامات پر درخت اور سولر پینل اکھڑ گئے،پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں میں آندھی اور موسلادھاربارش سے 4 افرادجاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے
فیصل آباد اور جھنگ میں بارش اور آندھی کے باعث درجنوں افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوگئے،ترجمان ریسکیو کے مطابق فیصل آباد میں تیز آندھی اور بارش کے دوران 7 مقامات پر حادثات پیش آئے جہاں 6 واقعات میں عمارتوں کی دیواریں گرنے سے 15 افراد زخمی ہوئے جب کہ غازی آباد کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے تمام واقعات میں زخمیوں کو ملبے سے نکال کر علاج کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔
دوسری جانب جھنگ شہر اور گرد و نواح میں طوفانی آندھی اور بارش کے باعث 5 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈز ، دیواروں ، چھتوں اور سولر پینلز کے اسٹینڈز گرنے کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے،نواحی علاقے منڈی شاہ جیونا میں آندھی کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آندھی اور بارش سے مختلف علاقوں میں دیواریں، مکانات گر گئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں،پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام خراب موسم میں خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں، ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔
