Baaghi TV

ناجائز تعلقات کا شبہہ،اپنی بیوی کو قتل کرنے والا شوہر گرفتار

قصور: کنگن پور کے علاقے میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا، جبکہ مقتولہ کا شوہر ہی قاتل نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل جیتی والا نہر سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کرائم سین کو محفوظ بنایا اور فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پی ایف ایس اے ٹیموں کو طلب کیا۔تھانہ کنگن پور پولیس نے سب انسپکٹر محمد شعیب کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے خاتون کی شناخت اور ملزم کی تلاش کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد ضیاء الحق کی نگرانی اور ایس ایچ او غازی کامران شہزاد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا۔

تحقیقات کے دوران مقتولہ کی شناخت شازیہ بی بی دختر محمد وارث، سکنہ میاں چنوں ضلع خانیوال، حال مقیم الہ آباد کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر اسلام ولد نیاز، سکنہ خانیوال، حال مقیم الہ آباد کو حراست میں لیا۔دورانِ تفتیش ملزم نے اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسلام نے ناجائز تعلقات کے شبے میں اپنی اہلیہ شازیہ بی بی کو پستول سے فائر کرکے قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو نہر میں پھینک دیا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) آفتاب احمد پھلروان نے اندھے قتل کے مقدمے کو ٹریس کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے پر تھانہ کنگن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو شاباش دی ہے۔

رپورٹ،طارق نوید سندھو

More posts