اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا مجوزہ دورۂ سوئٹزرلینڈ منسوخ کر دیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں متوقع تھا جب سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم سفارتی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، تاہم دورے کی منسوخی کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ان سفارتی سرگرمیوں کے موقع پر طے تھا، لیکن آخری وقت میں اسے منسوخ کر دیا گیا۔ حکومت یا دفترِ خارجہ کی جانب سے اس فیصلے پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوں گے، جنہیں دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سوئس حکام کے مطابق مذاکرات کے پہلے مرحلے کا انعقاد پاکستان کی سہولت کاری میں ہوگا، جس سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید تقویت ملے گی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سفارتی حلقوں میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب رہے تو نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور عالمی توانائی کی منڈی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
تاحال وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سوئٹزرلینڈ کی منسوخی کی سرکاری وجہ سامنے نہیں آئی، جبکہ تمام نظریں امریکا اور ایران کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات پر مرکوز ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا
