Baaghi TV

‎باقر قالیباف کا جذباتی بیان، شہداء کی امیدوں پر پورا اترنے کی دعا

pak

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات سے قبل ایک جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں شہداء اور ایرانی قوم کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔
‎اپنے بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ وہ میناب کے مظلوم بچوں اور شہداء کو اپنے ہر فیصلے اور ہر اقدام کا گواہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کی امانت ہیں اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ شہداء انہیں دیکھ رہے ہیں اور ان سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ ان کی دعا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں عزت اور دیانت داری سے پوری کریں اور جب اپنے شہید ساتھیوں سے دوبارہ ملاقات ہو تو سرخرو ہوں۔ ان کے بقول انہیں اپنے ان ساتھیوں کی بےصبری سے یاد آتی ہے جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
‎محمد باقر قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایرانی اعلیٰ سطح کا وفد ان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ پہنچ چکا ہے۔ وفد زیورخ ایئرپورٹ پہنچا، جہاں سے وہ مذاکراتی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔
‎ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی کے علاوہ سیکیورٹی، مرکزی بینک اور تیل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔ ایرانی حکام نے اس وفد کو "میناب 168” کا نام دیا ہے، جو ملک کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
‎ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج سوئٹزرلینڈ میں ہوگا، جہاں دونوں ممالک کے نمائندے مختلف سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عالمی برادری کی نظریں ان مذاکرات پر مرکوز ہیں، کیونکہ ان کے نتائج نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے مستقبل پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

More posts