Baaghi TV

منشیات فروشی کیس، انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

karachi

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 25 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

عدالتی کارروائی کے دوران جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف درج چھ مقدمات میں چالان اور گواہان کے بیانات کی نقول جیل میں فراہم کر دی گئی ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے عملے نے متعلقہ دستاویزات ذاتی طور پر ملزمہ تک پہنچائیں۔پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف 2020، 2021 اور 2022 کے دوران مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، تاہم ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔ گارڈن تھانے کے ایک کیس میں گرفتاری کے بعد اسے دیگر مقدمات میں بھی باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمہ کے مالیاتی معاملات کا جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک بند کرائے گئے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کی چھان بین کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے موبائل فون سے 100 جی بی سے زائد غیر معمولی ڈیٹا برآمد ہوا ہے، جس کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق اس ڈیٹا کی مدد سے منشیات فروشی کے مبینہ نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ روابط کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد مقدمات کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوگا، جس میں استغاثہ اپنے شواہد اور گواہان پیش کرے گا جبکہ ملزمہ کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔

More posts