کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات کے دوران مسلح ڈاکو ایک گھر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، چاندی، قیمتی گھڑیاں، لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا جبکہ وزیر داخلہ سندھ نے بھی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اہلخانہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق آٹھ مسلح ملزمان چار موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر گھر پہنچے اور اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے پورے اطمینان کے ساتھ گھر کی تلاشی لی اور قیمتی اشیا سمیٹ کر فرار ہو گئے۔
درخواست کے مطابق ڈاکو 175 تولے سونا، جس کی مالیت تقریباً 7 کروڑ 58 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، اپنے ساتھ لے گئے۔ اس کے علاوہ 300 تولے چاندی، جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ 38 ہزار روپے ہے، بھی لوٹ لی گئی۔ ملزمان قیمتی گھڑیاں، لیپ ٹاپ، دیگر الیکٹرانک سامان اور بچوں کی قیمتی اشیا بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور لوٹا گیا سامان برآمد کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔
گڈاپ میں کروڑوں کی ڈکیتی، 175 تولے سونا اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا
