Baaghi TV

‎ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، 12 دہشت گرد ہلاک، 15 اہلکار شہید

‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
‎آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
‎بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا اور چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا۔
‎اس حملے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوئے، جن میں پاک فوج کے 12 جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
‎فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
‎آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

More posts