Baaghi TV


جاپان میں زلزلے کے بعد 60 سے زائد آفٹر شاکس، محکمہ موسمیات کی تصدیق

‎جاپان میں آنے والے طاقتور زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ جاپان کی محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی زلزلے کے بعد اب تک 61 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
‎محکمہ موسمیات کے مطابق آفٹر شاکس کی شدت جاپان کے سیسمک انٹینسٹی اسکیل پر ایک سے چھ درجے کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ آفٹر شاکس کا سلسلہ کچھ وقت تک جاری رہ سکتا ہے، اس لیے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
‎جاپان میں زلزلوں کی شدت جانچنے کے لیے عالمی میگنیٹیوڈ اسکیل کے ساتھ ایک مخصوص سیسمک انٹینسٹی اسکیل بھی استعمال کیا جاتا ہے، جو صفر سے سات تک ہوتا ہے۔ اس پیمانے پر صفر کا مطلب ہے کہ زلزلے کی لرزش محسوس نہیں ہوتی، جبکہ سات سب سے زیادہ شدت کو ظاہر کرتا ہے، جس میں فرنیچر اپنی جگہ سے سرک سکتا ہے یا الٹ سکتا ہے اور شدید نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔
‎محکمہ موسمیات نے 2016 کے کوماموتو زلزلے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت دو روز کے دوران انتہائی شدید نوعیت کے متعدد زلزلے ریکارڈ کیے گئے تھے۔ اس تباہ کن زلزلے میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی جبکہ 40 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
‎حکام مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی ادارے الرٹ ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمزور عمارتوں سے دور رہیں، ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

More posts