اگست 2026 پاکستانیوں کے لیے آرام، قومی تقریبات اور مذہبی مناسبت کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ سرکاری تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر اس مہینے میں مجموعی طور پر 12 چھٹیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سالانہ سرکاری کیلنڈر اور جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگست میں وفاقی سطح پر دو اہم عام تعطیلات متوقع ہیں، جبکہ ہفتہ وار ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کو شامل کرنے سے مجموعی چھٹیوں کی تعداد 12 تک پہنچ سکتی ہے۔ اگر اس شیڈول میں کوئی تبدیلی نہ ہوئی تو یہ رواں سال کا سب سے زیادہ تعطیلات والا مہینہ ہوگا۔
اگست کی سب سے نمایاں تعطیل یومِ آزادی کی ہوگی، جو اس سال 14 اگست بروز جمعہ آ رہا ہے۔ اس کے باعث شہریوں کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار پر مشتمل تین روزہ طویل ویک اینڈ میسر آئے گا، جس سے بہت سے افراد کو سیاحت، خاندانی تقریبات اور تفریح کے مواقع ملیں گے۔
اس کے علاوہ حکومتِ پاکستان کے سالانہ عوامی تعطیلات کے شیڈول کے مطابق 25 اگست 2026 بروز منگل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی ملک بھر میں عام تعطیل متوقع ہے۔ اس روز سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر نجی ادارے بند رہنے کا امکان ہے۔
اگر کسی نئی سرکاری ہدایت یا نوٹیفکیشن کے ذریعے تعطیلات میں رد و بدل نہ کیا گیا تو اگست میں 10 ہفتہ وار تعطیلات اور 2 وفاقی سرکاری تعطیلات ملا کر مجموعی طور پر 12 چھٹیاں ہوں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات، ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور تفریحی مراکز پر رش میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے سفر کرنے والے افراد کو پیشگی منصوبہ بندی اور بکنگ کر لینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
اگست 2026 پاکستانیوں کے لیے سب سے زیادہ چھٹیوں والا مہینہ بننے کا امکان
