وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات پر پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر ایک بار پھر سخت ردعمل دیا ہے-
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مختصر پیغام میں پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہاکہ،پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟-
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل اپنے ویڈیو بیان میں مریم نواز نے پیپلز پارٹی سے آزاد کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں،انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا تھا کہ وہ سیاسی بیان بازی کے بجائے اپنے بیانیے، کارکردگی اور عوامی مسائل پر توجہ دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مسلم لیگ (ن) نے کھلے دل سے شکست تسلیم کی تھی، لیکن آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیئے، جب کارکردگی نہ ہو تو دھاندلی کا الزام لگانا آسان ہوتا ہے، جبکہ عوام نے ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔