Baaghi TV

فہد شیخ نے سید محمد احمد سے بدسلوکی کے الزامات مسترد کر دیے

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس سے غلط تاثر پیدا کیا گیا۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں فہد شیخ نے کہا کہ شوٹنگ سیٹ پر فنکار ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں، جہاں خوشگوار ماحول میں مذاق بھی ہوتا ہے، تاہم وائرل ویڈیو کو اصل پس منظر سے الگ کر کے پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سید محمد احمد کے ساتھ ان کا پہلا پراجیکٹ نہیں بلکہ وہ ماضی میں بھی متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور دونوں کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔اداکار نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ مذاق، جس کا آغاز خود سید محمد احمد نے کیا تھا، کس مرحلے پر ناگوار محسوس ہونے لگا، تاہم ان کا کسی بھی صورت بے ادبی یا دل آزاری کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔فہد شیخ نے انکشاف کیا کہ تنازع سامنے آنے سے پہلے ہی وہ سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معذرت کر چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی نجی معذرت کافی نہیں تھی تو وہ عوامی سطح پر بھی معذرت کرتے ہیں، کیونکہ وہ اپنے بزرگوں کی بے عزتی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے جنہوں نے مبینہ طور پر ویڈیو کو اصل تناظر سے ہٹ کر سوشل میڈیا پر پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب سید محمد احمد نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شوٹنگ کے دوران ایک کم عمر اداکار کی جانب سے تضحیک آمیز رویے کا ذکر کیا، اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا، تاہم سوشل میڈیا پر فہد شیخ کا نام سامنے آیا اور ایک ویڈیو بھی وائرل ہو گئی۔

دوسری جانب سید محمد احمد نے بھی انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ساتھی فنکاروں کی محبت، حمایت اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موصول ہونے والے پیغامات، فون کالز اور وائس نوٹس نے ان کے حوصلے بلند کیے اور وہ سب کے تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔

More posts