کراچی کے تھانہ اتحاد ٹاؤن کی تفتیشی ٹیم نے تکنیکی شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے اپنی بیوی کے قتل کے مقدمے میں ملوث مفرور شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کئی ماہ سے روپوش تھا اور اس کی گرفتاری جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ روبی سعیدہ، جو مسکان کے نام سے بھی جانی جاتی تھیں، نے کچھ عرصہ قبل لاہور میں آصف جاوید نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں کراچی منتقل ہو گئے، جہاں وہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مقتولہ کا اپنے والدین سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا۔ اہل خانہ نے شوہر سے بار بار رابطہ کیا، تاہم وہ مسلسل مختلف بہانے بناتا رہا۔ بعد ازاں کراچی میں رہائش پذیر مقتولہ کے چچا جب ان کے گھر پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ مسکان انتقال کر چکی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر رمضان کے اٹھائیسویں روزے کے روز اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور بغیر اہل خانہ کو اطلاع دیے خاموشی سے گلشن غازی قبرستان میں تدفین بھی کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا، تاہم ملزم فرار ہو گیا تھا۔
تفتیش کے دوران متعلقہ حکام کی نگرانی میں مقتولہ کی قبر کشائی بھی کی گئی تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں اور موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قبر کشائی اور دیگر فرانزک شواہد نے تفتیش کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ کارروائی سب انسپکٹر ناصر خان، ایس آئی او تھانہ اتحاد ٹاؤن، نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انجام دی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ مزید تفتیش مکمل کی جا سکے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔
کراچی: بیوی کے قتل میں ملوث مفرور شوہر گرفتار
