لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، جبکہ مریم نواز نے عوامی مشکلات کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس کامیابی کو عوام کے اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے پارٹی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ارکان اسمبلی نے پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے 36 اضلاع میں 588 الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کو تاریخی اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
اس موقع پر صوبے بھر میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بھی سراہا گیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح بن چکی ہے اور یہ منصوبہ لاکھوں شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کو گڈ گورننس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترقیاتی منصوبوں میں دیگر صوبوں سے آگے لے جانے کا عہد کیا تھا، جس پر حکومت بھرپور انداز میں عمل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ "کلین پنجاب” مہم کے بعد صوبے بھر میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا منصوبہ ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے ہر ضلع اور ہر تحصیل میں جلد الیکٹرک بسیں چلتی نظر آئیں گی تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔
ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر خطے میں ترقیاتی کام نمایاں دکھائی دے رہے ہیں اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے بہاولنگر کے ارکان اسمبلی کی ملاقات
