بھارت کی ریاست راجستھان میں فوجی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں ایک حاضر سروس میجر ہلاک جبکہ دو دیگر فوجی افسران شدید زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جیسلمیر شہر سے تقریباً 18 کلومیٹر دور ایک فوجی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تین فوجی افسران آرمی اسٹیشن واپس جا رہے تھے۔رپورٹس کے مطابق 26 سالہ میجر حمزہ عارف کی زیرِ قیادت چلنے والی ایس یو وی اچانک سڑک پر آنے والے ایک اونٹ سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر کئی بار الٹتی ہوئی سڑک سے دور جا گری۔پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے زخمی افسران کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے میجر حمزہ عارف کے انتقال کی تصدیق کر دی، جبکہ دو دیگر افسران شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افسران میں لیفٹیننٹ آیوشمان اور ابھینیو راٹھور شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میجر حمزہ عارف کی شادی صرف ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی، جس کے باعث ان کی اچانک وفات پر اہل خانہ اور ساتھی فوجی افسروں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی۔
