آذربائیجان نے پاکستانی شہریوں سمیت متعدد ممالک کے مسافروں کے لیے ای ویزا کا آسان اور تیز ترین نظام متعارف کر رکھا ہے، جس کے تحت فوری پروسیسنگ کے ذریعے صرف تین گھنٹوں میں وزٹ ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
آذربائیجان، جو مشرقی یورپ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے، اپنی تاریخی عمارتوں، جدید شہروں، دلکش قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کی بدولت دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ ہر سال ہزاروں پاکستانی بھی سیاحت اور کاروباری مقاصد کے لیے اس ملک کا رخ کرتے ہیں۔
آذربائیجان کا ای ویزا سسٹم درخواست دہندگان کو مکمل آن لائن سہولت فراہم کرتا ہے۔ درخواست کا عمل تین آسان مراحل پر مشتمل ہے، جن میں آن لائن درخواست جمع کرانا، الیکٹرانک ادائیگی کرنا اور منظوری کے بعد ای ویزا ای میل کے ذریعے حاصل کرنا شامل ہے۔
پاکستانی شہری آذربائیجان کے سرکاری ای ویزا پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ فوری (Urgent) پروسیسنگ کی صورت میں ویزا عام طور پر تین گھنٹوں کے اندر جاری کر دیا جاتا ہے، جبکہ درخواست کا نتیجہ ای میل کے ذریعے موصول ہوتا ہے۔ درخواست گزار کسی بھی وقت آن لائن اپنے ویزا کی صورتحال بھی چیک کر سکتے ہیں۔
فوری ای ویزا کی فیس 50 امریکی ڈالر مقرر ہے، جو موجودہ شرح مبادلہ کے مطابق تقریباً 14 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے۔ تمام ادائیگی آن لائن کی جاتی ہے اور منظور شدہ ویزا براہ راست درخواست دہندہ کے ای میل ایڈریس پر بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ ای ویزا سنگل انٹری کی سہولت فراہم کرتا ہے اور اس کے ذریعے مسافر آذربائیجان میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔
حکام نے درخواست دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ درخواست دینے سے قبل یہ یقینی بنائیں کہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد ای ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی کم از کم تین ماہ تک باقی ہو، بصورت دیگر درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔
آذربائیجان کا وزٹ ویزا صرف 3 گھنٹے میں، پاکستانیوں کے لیے آن لائن درخواست کی سہولت
