Baaghi TV

‎کبل پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکا، 15 افراد شہید

‎سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 15 افراد شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ شہداء میں 6 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جنہوں نے حملہ آور کو تھانے کے اندر داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
‎خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکا خودکش حملہ تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے ایک انسانی سر بھی برآمد ہوا ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ خودکش حملہ آور کا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔
‎ڈی پی او سوات محمد عمر نے بتایا کہ حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم گیٹ پر موجود اہلکاروں نے اسے روک لیا۔ اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور متعدد افراد شہید و زخمی ہوگئے۔
‎ڈپٹی انسپکٹر جنرل مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق دھماکے کے وقت پولیس اسٹیشن کے قریب مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا، جس کی وجہ سے علاقے میں شہریوں کی موجودگی زیادہ تھی اور جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
‎واقعے کے فوراً بعد پولیس، ریسکیو اور دیگر امدادی اداروں نے کارروائیاں شروع کر دیں۔ تمام زخمیوں اور شہداء کو فوری طور پر سینٹرل اسپتال سوات منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
‎وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس امن کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حملہ آور کو تھانے کے اندر داخل ہونے سے روکا، جس سے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔

More posts