Baaghi TV

برطانیہ میں یومیہ 2 لاکھ پاؤنڈ کا پیٹرول چوری ہونے کا انکشاف

لندن: برطانیہ میں یومیہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ کا پیٹرول چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایران کی جنگ کے ساتھ شروع ہونے والے پیٹرول کے بحران کے بعد برطانیہ بھر کے پیٹرول پمپس سے ڈرائیور روزانہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول بغیر ادائیگی کے چوری کرکے لے جا رہے ہیں،پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی کمپنی فور کورٹ آئی کے تجزیے کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد کے 5 ماہ کے دوران، اس سے پہلے کے 5 ماہ کے مقابلے میں پیٹرول چوری کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے-

فور کورٹ آئی کے مطابق،جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں چوری ہونے والے پیٹرول کی مجموعی مالیت میں 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو ملک کے 8,359 پیٹرول پمپس پر روزانہ اوسطاً 194,000 پاؤنڈ تک پہنچ گیا ہے، پہلی بار بغیر ادائیگی کے پیٹرول لے جانے والوں کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ جب کہ بار بار ایسا کرنے والوں کی تعداد 17 سے 20 فیصد رہی، اس کے علاوہ، چوری کیے گئے پیٹرول کی مقدار میں 26 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا، یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 550 نمائندہ پیٹرول پمپس سے موصول ہونے والی رپورٹس پر مبنی ہیں۔

ایران جنگ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 27 پنس اور ڈیزل کی قیمت میں 37 پنس فی لیٹر اضافہ ہوا،پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے پمپ عملے سے بدسلوکی کے واقعات بھی بڑھ گئے۔

فور کورٹ آئی نے اپنے صارفین کو پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے مفت ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے فیس واچ سسٹم کے ذریعے شناخت کیے گئے ملزمان کے بارے میں فوری اطلاع موصول ہو سکے گی۔

More posts