نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اپنے آبائی علاقے سوات میں ہونے والے خودکش حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اس حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، جس پر انہیں شدید رنج ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ملالہ یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سوات کی بچیاں ہمیشہ ایک پُرامن اور محفوظ زندگی کی خواہش مند رہی ہیں۔ ملالہ نے دعا کی کہ سوات کے عوام کو دوبارہ طالبان کے خوف اور سایے میں زندگی گزارنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔
